سبق :مرزا چپاتی
مصنف:اشرف صبوحی
تعارف مصنف:
اشرف صبوحی (پیدائش: 11 مئی، 1905ء- وفات: 22 اپریل، 1990ء) ڈپٹی نذیر احمد دہلوی کے خانوادے سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے نامور ادیب، صحافی، افسانہ نگار اور مترجم تھے جو اپنی تصنیف دلی کی چند عجیب ہستیاں کی وجہ سے دنیائے اردو میں شہرت رکھتے ہیں۔
حالات زندگی
اشرف صبوحی کا اصل نام سید ولی اشرف تھا۔ وہ 11 مئی، 1905ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ڈپٹی نذیر احمد کے خاندان سے تھا[1]۔ ڈپٹی نذیر احمد کے صاحبزادے مولوی بشیر احمد ان کے سگے پھوپھا تھے۔ ان کے جدی خاندان کا سلسلہ حضرت سید اشرف جہانگیر سمنانی سے ملتا ہے۔ ان کے والد جناب علی اشرف محکمہ ریلوے کے شعبۂ انجینئرنگ میں ملازم تھے۔ وہ ایک عالم دین بزرگ تھے۔ اشرف صبوحی کی ابتدائی تعلیم والدہ کی نگرانی میں گھر میں ہوئی۔ بعدازاں انہیں انگلو عربک ہائی اسکول میں داخل کیا گیا جہاں سے 1922ء میں سیکنڈ کلاس میں میٹرک پاس کیا۔ صبوحی صاحب کو فارسی سے شروع ہی سے لگاؤ تھا۔ میٹرک کے بعد انہوں نے پرائیویٹ طور پر ادیب فاضل، منشی فاضل، ایف اے اور بی اے کے امتحانات پنجاب یونیورسٹی سے پاس کیے۔
صبوحی صاحب بجلی کے کاموں میں بڑی دلچسپی لیتے تھے۔ جب اس کام میں ان کا شغف زیادہ بڑھا تو جرمنی اور انگلستان سے بجلی کا سامان منگوا کر خود بیٹریاں بنانی شروع کردیں جس سے خاصی آمدنی ہو جاتی تھی۔1929ء میں انہوں نے اپنی ملازمت کا آغاز محکمہ ڈاک و تار سے کیا لیکن لکھنے پڑھنے کا شوق اپنی جگہ قائم رہا۔ ان کی پہلی تحریر جو بڑی شان سے منظر عام پر آئی وہ ایک تقریظ تھی جو دیوانِ بشیر میں مولانا مولوی اشرف صبوحی کے نام سے شائع ہوئی تھی۔ شاہد احمد دہلوی ایڈیٹر ساقی صبوحی صاحب کے قریبی دوستوں میں تھے۔ ماہنامہ ساقی میں صبوحی صاحب کے بہت سے مضامین، افسانے اور خاکے شائع ہوتے تھے۔
ادبی خدمات
اشرف صبوحی دہلی کے ان نثر نگاروں میں تھے جنہوں نے 1947ء سے قبل ادب میں اپنے لیے ممتاز مقام بنا لیا تھا۔ انہوں نے 1929ء سے بچوں کے رسالوں میں چھوٹی چھوٹی سینکڑوں خوبصورت کہانیاں اور ادبی رسالوں میں مضامین لکھنا شروع کر دیے تھے۔ صبوحی صاحب نے ارمغان کے نام سے ایک ماہنامہ بھی دہلی سے جاری کیا۔ دو سال تک یہ رسالہ محلہ چوڑی والا گلی تخت والی سے شائع ہوتا رہا۔ اس رسالے میں لکھنے والوں میں خواجہ حسن نظامی کا نام بہت مشہور ہے۔ان کا ایک معروف مضمون اﷲ میاں کی سوانح اسی رسالے میں شائع ہوا تھا۔ صبوحی صاحب کے چھوٹے بھائی جو اس رسالے کا انتظام سنبھالے ہوئے تھے، دو سال کے لیے مدینہ چلے گئے۔ بھائی کے چلے جانے سے رسالے کی اشاعت بہت متاثر ہوئی اور اسے بند کرنا پڑا۔ رسالوں میں مضامین لکھنے کے ساتھ ساتھ جب دہلی میں ریڈیو اسٹیشن قائم ہوا تو 1927ء میں وہاں سے صبوحی صاحب نے پہلی تقریر نشر کی جو انہوں نے اس طرح شروع کی تھی۔
” | وائرلیس کی ایجاد کے بعد بھی بجلی جو کبھی غضب الٰہی کی ایک کہر تھی قدرت کی مہر ثابت ہو رہی ہے۔ | “ |
صبوحی صاحب نے ریڈیو کے لیے تقریروں کے علاوہ ڈرامے، فیچر، عورتوں کے پروگرام،بچوں کی کہانیاں اور بچوں کے ڈرامے بھی لکھے ہیں جن کا سلسلہ پاکستان پہنچنے کے بعد تک جاری رہا۔ جولائی 1940ء میں رسالہساقی میں شائع شدہ افسانہ شوہر پرست بیوی پر اشرف صبوحی کو انعام ملا۔ اس کے بعد 1946ء میں دہلی کے ادبی رسالہمشہور کے افسانہ نمبر میں جو انعامی مقابلہ ہو اتو افسانہ نگاری میں انہیں اول نمبر دیا گیا۔ جب بابائے اُردو مولوی عبدالحق انجمن ترقی اردو کا دفتر دہلی لائے تو انہوں نے صبوحی صاحب کو اپنے ادارے میں چھپنے والے مسودات نظر ثانی کے لیے بھیجنے شروع کردیے اور ان کی سب سے زیادہ مشہور کتاب دلی کی چند عجیب ہستیاں شائع کی۔ پنجاب کے محکمہ تعلیم نے نویں اور دسویں جماعت کے نصاب میں صبوحی صاحب کا ایک خاکہ مرزا سکندر بخت شامل کیا تھا۔ اسی طرح کراچی کے محکمہ تعلیم نے ایف اے کے کورس کے لیے ان کا دوسرا خاکہ دیوانی آپا شامل کیا تھا۔ یہ کردار نگاری کے اعتبار سے بہت اہم ہے۔
پاکستان آمد
تقسیم ہند کے بعد اشرف صبوحی پاکستان آگئے اور لاہور میں مقیم ہوئے۔ یہاں پر بھی وہ محکمۂ ڈاک میں ہی کام کرتے رہے اور مدت ملازمت پوری ہو نے پر یہیں سے وظیفہ یاب ہوگئے۔ صبوحی صاحب کے حکیم محمد سعید سے بہت دوستانہ تعلقات تھے۔ چنانچہ ریٹائر ہونے کے بعد حکیم محمد سعید نے انہیں ہمدرد فاؤنڈیشن میں افسر تقریبات مقرر کردیا جہاں وہ شامِ ہمدرد کا اہتما م کیا کرتے تھے۔ آخرمیں اشرف صبوحی لاہور سے کراچیمنتقل ہوگئے۔ چونکہ لاہور میں ان کا قیام زیادہ رہا تھا اس لیے انہیں لاہور چھوڑنے کا بڑا دکھ تھا۔
تصانیف
اشرف صبوحی صاحب کی تصانیف اور تراجم میں جو کتابیں چھپ چکی ہیں ان میں مندرجہ ذیل کتابیں شامل ہیں:
- دلی کی چند عجیب ہستیاں
- غبار کا رواں (خاکہ)
- جھروکے (افسانے اور خاکہ)
- بغداد کے جوہری (ناول، انگریزی سے ماخوذ)
- بن باسی دیوی (وحشیانہ زندگی کی انسانی حالت، پر لطف پیرائے میں انگریزی سے ماخوذ)
- دھوپ چھاؤں (انگریزی ناول کا ترجمہ)
- ننگی دھرتی (انگریزی ناول کاترجمہ)
- موصل کے سوداگر (انگریزی سے ترجمہ کہانی)
- بزم آخر (مصنف فیاض مرحوم، مرتبہ اشرف صبوحی) جسے مشکل الفاظ کی فرہنگ کے ساتھ مجلس ترقی ادب پاکستان نے شائع کیا۔
بن باسی دیوی اور بغداد کے جوہری پر دیباچے مشہور عالم پروفیسر مرزا محمد سعید صاحب نے لکھے تھے۔ صبوحی صاحب نے لاہور میں چند امریکی کتابوں کا انگریزی سے اردو میں ترجمہ کیا جو دس بارہ سال بعد وائس آف امریکہ سے نشر ہوا۔ اشرف صبوحی صاحب نے اپنے پیچھے علم و ادب کا ایسا خزانہ چھوڑا ہے جس سے آنے والی نسلیں ہمیشہ استفادہ کرتی رہیں گی۔
وفات
اردو کے صاحبِ اسلوب ادیب اشرف صبوحی 22 اپریل، 1990ء کو کراچی میں دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کا مزار کراچی میں یٰسین آباد گلشن اقبال کے قبرستان میں واقع ہے۔
سبق :قومی تشکیل
مصنف:ڈاکٹر وحید قریشی
تعارف مصنف:
پروفیسر ڈاکٹر وحید قریشی (انگریزی: Waheed Qureshi )، (پیدائش: 14 فروری، 1925ء - وفات: 17 اکتوبر، 2009ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے نامور نقاد، محقق، شاعر، ماہرِ لسانیات، معلم، ماہرِ اقبالیات اور پروفیسر ایمریطس تھے۔
حالات زندگی
ڈاکٹر وحید قریشی 14 فروری، 1925ء کو میانوالی، برطانوی ہندوستان موجودہ پاکستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا پیدائشی نام عبدالوحید تھا۔ انہوں نے ساہیوال، گوجرانوالہ اور لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی۔ فارسی اور تاریخ میں ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ کلاسیکی فارسی نثر میں پی ایچ ڈی اور میر حسن اور ان کی شاعری کے عنوان سے مقالہ لکھ کر ڈی لٹ کی ڈگری حاصل کی۔
ملازمت
1963ء میں پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج لاہور میں لیکچرار مقرر ہوئے۔ 1983ء میں مقتدرہ قومی زبان (موجودہ ادارہ فروغ قومی زبان) مقرر ہوئے۔ اس کے علاوہ اقبال اکادمی، بزمِ اقبال اور مغربی پاکستان اردو اکیڈمی سے بھی وابستہ رہے۔ستمبر 2003ء سے اپنی وفات تک وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں" پروفیسر ایمریطس" کے فرائض انجام دیتے رہے۔
تصانیف
ڈاکٹر وحید قریشی نے تحقیق، تنقید، اقبالیات، لسانیات اور شاعری میں تصانیف یادگار چھوڑیں۔ ان کی تصانیف کی فہرست مندرجہ ذیل ہے:
- انشائی ادب
- 1965ء کے بہترین مقالے
- پنجاب میں اُردو (مرتب)
- قرآن حکیم کی روشنی مین تعلیم
- تعلیم کے بنیادی مباحث
- اقبال اور نظریہ وطنیت
- اساسیات ِ اقبال
- نقد ِجاں (شاعری)
- مطالعہ حالی
- میر حسن اور ان کا زمانہ
- کلاسیکی اَدب کا تحقیقی مطالعہ
- تنقیدی مطالعے
- جدیدیت کی تلاش میں
- افسانوی اَدب
- شبلی کی حیات ِ معاشقہ
- اُردو کا بہترین انشائی ادب
- یارنامہ
- افسانوی ادب
- ادب پارے
- باغ و بہار:ایک تجزیہ
- نذر ِ غالب
- اُردو نثر کے میلانات
- منتخب مقالات:اقبال ریویو
- مطالعہ ادبیات فارسی
- پاکستانی قومیت کی تشکیلِ نو
- الواح (شاعری)
- ڈھلتی عمر کے نوحے (شاعری)
- اردو ادب کا ارتقا:ایک جائزه
- مقدمہ شعر و شاعری (مرتب)
- پاکستان کی نظریاتی بنیادیں
- قائد اعظم اور تحریک ِ پاکستان
- دیوان ِ سودا (مرتب)
- انتخاب دیوان سودا
- مثنوی سحرالبیان
- دیوان آتش: تجزیہ اور تنقید
- مثنویات میر حسن
- دیوان جہاندار
- مقالاتِ تحقیق
- نامۂ عشق
- ارمغانِ ایران
- ارمغانِ لاہور
- عمل صالح
- صحیفہ غالب
- توضیحی کتابیاِ ابلاغیات
- علامہ اقبال کی تاریخِ ولادت (ایک مطالعہ)
- دربارِ ملی
- ثواقب المناقب
- قواعد و انشا
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
آپ کی رائے کا ہم احترام کرتے ہیں۔
نوٹ: اس بلاگ کا صرف ممبر ہی تبصرہ شائع کرسکتا ہے۔