رسمی خط کے چند نمونے
سوال 1: اپنے ضلع کے پولیس آفیسر کے نام خط لکھیے جس میں اپنے علاقے
میں علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی شکایت لگاتے ہوئے اصلاح ِ احوال کے لیے چند تجاویز پیش
کیجیے۔
*ڈی ایس پی صاحب کے نام خط*
موضوع: چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں
میں اضافے کے متعلق آگاہی اور اصلاح احوال کی درخواست
امتحانی مرکز
6-اکتوبر 2024ء
مکرم
و محترم ڈی ایس پی صاحب، ضلع ایسٹ کراچی!
آداب!
خاکسار آپ کی توجہ انتہائی اہم اور
سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہے، جو کہ ہمارے علاقے میں چوری اور ڈکیتی
کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ہیں۔
حالیہ چند مہینوں کے دوران، خاص طور
پر ناظم آباد کے علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ
ہوا ہے، اور یہ واقعات عوام کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔
عام شہریوں کو دن دہاڑے قیمتی اشیاء،
نقدی اور موبائل فون سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اکثر مزاحمت پر ڈاکو فائرنگ کرنے سے
بھی گریز نہیں کرتے، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں اور بعض اوقات جان
سے بھی ہاتھ دھونا پڑتے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہے
بلکہ علاقے کے امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
یہ مسئلہ بہت ہی تشویشناک
ہے اور فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور
یہ صورت حال روز بروز خراب ہو رہی ہے۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اس سنگین
مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔اس مسئلے کے حل کے لیے
چند تجاویز پیش خدمت ہیں:
- علاقے میں پولیس کی
گشت میں اضافہ کیا جائے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں وارداتیں زیادہ ہو
رہی ہیں۔
- مشکوک افراد
کی نشاندہی کے لیے عوام کو شامل کیا جائے اور علاقائی کمیٹیوں کو فعال کیا
جائے تاکہ پولیس کے ساتھ تعاون ممکن ہو سکے۔
- سی سی ٹی وی کیمرے
نصب کیے جائیں اور ان کی مدد سے وارداتوں کی نشاندہی کی جائے۔
- عوام کو خود حفاظتی
تدابیر سے آگاہ کیا جائے اور ان کی رہنمائی کے لیے پولیس کی جانب سے خصوصی
مہمات چلائی جائیں۔
- جرائم
پیشہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا
جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔
میں امید کرتا ہوں کہ آپ اس مسئلے پر فوری نوٹس لیں گے
اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔
شکریہ!
والسلام
خاکسار
ا۔ب۔ج
ناظم آباد کراچی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال 2: اپنے ضلع کے آفیسر ٹریفک
پولیس کے نام خط لکھیے جس میں انھیں اپنے شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے
بڑھتے رحجان اور اس کے باعث ہونے والے حادثات کی طرف توجہ دلائیں۔ نیز اصلاح احوال
کے لیے تجاویز دیجیے۔
خط بعنوان : شکایت
بابت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں
امتحانی مرکز
5- اپریل 2024ء
مکرم و محترم آفیسر ٹریفک پولیس ضلع کراچی ایسٹ!
آداب۔
میں آپ کی توجہ
ایک نہایت سنگین مسئلے کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، جو ہمارے شہر میں ٹریفک
قوانین کی خلاف ورزی، اوور لوڈنگ، اور تیز رفتاری کے سبب آئے روز بڑھتا جا رہا ہے۔
ان غیر ذمہ دارانہ حرکات کے باعث نہ صرف معصوم شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی
ہیں بلکہ شہر کی سڑکوں پر بدنظمی اور حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
اوور لوڈنگ کی
وجہ سے سڑکوں کی حالت خراب ہو رہی ہے اور اکثر بھاری گاڑیاں بے قابو ہو کر حادثات
کا سبب بن رہی ہیں۔ اسی طرح، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے
کئی جان لیوا حادثات رونما ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔
بدقسمتی سے اکثر موٹر سائیکل سوار اور کم عمر ڈرائیور بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے
خطرناک طریقے سے گاڑی چلاتے ہیں، جو نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کے لیے
بھی خطرہ بن جاتے ہیں۔
ان مسائل کے حل
کے لیے چند تجاویز پیش خدمت ہیں:
1. شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف
ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور چالان کی شرح میں اضافہ کیا
جائے۔
2. تیز رفتاری کو روکنے کے لیے
اہم شاہراہوں پر اسپیڈ کیمروں اور سپیڈ بریکرز کی تنصیب کی جائے۔
3. اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں
کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایسے ڈرائیوروں کے لائسنس معطل کیے جائیں۔
4. ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے
اسکولوں، کالجوں، اور عوامی مقامات پر مہم چلائی جائے۔
5. ٹریفک پولیس کی تعداد میں
اضافہ کیا جائے تاکہ قوانین پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد ممکن ہو سکے۔
ہم امید کرتے
ہیں کہ آپ اس اہم مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں گے
تاکہ ہمارا شہر حادثات سے محفوظ اور ٹریفک قوانین کے لحاظ سے ایک مثالی شہر بن
سکے۔
آپ کی توجہ اور اقدامات کا منتظر۔
والسلام
خاکسار
ا۔ب۔ج
:::::::::::::::::::::::::::::
سوال: آج کل ہمارے معاشرے میں
طلباء وطالبات میں موبائل فون اور کمپیوٹر پر آن لائن کھیلوں کا رحجان بڑھ رہا
ہے۔
اپنے علاقے کے معروف اور مؤقر
جریدے آواز کے مدیر کے نام خط لکھیے اور اس مسئلے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے
ہوئے نوجوانوں کی اصلاح کے لیے تجاویز پیش کیجیے۔
عنوان: مدیر کے نام خط برائے نوجوانوں کی اصلاح
امتحانی مرکز
15-اپریل 2024ء
مکرم
و محترم مدیر صاحب روزنامہ آواز لاہور!
آداب۔
امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ آپ کے
جریدے کے توسط سے میں ایک اہم مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں، جو آج کل
ہمارے معاشرے میں نوجوان نسل کے لیے ایک سنگین تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
آج کل طلباء و طالبات میں موبائل فون
اور کمپیوٹر پر آن لائن کھیلوں (آن لائن گیمز) کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ
کھیل نہ صرف وقت کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں بلکہ ان کے ذہنی اور جسمانی صحت پر
بھی منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ نوجوان اپنے قیمتی وقت کو تعلیم، مطالعہ اور
تخلیقی سرگرمیوں میں صرف کرنے کے بجائے آن لائن کھیلوں میں ضائع کر رہے ہیں۔ اس کے
نتیجے میں ان کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، نیند کی کمی ہو رہی ہے، اور بعض
اوقات یہ کھیل ان میں تشدد اور غیر اخلاقی رویوں کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
نوجوانوں کی اصلاح کے لیے تجاویز:
1. والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے موبائل اور کمپیوٹر
استعمال پر نظر رکھیں اور ان کے لیے وقت کا تعین کریں۔
2. تعلیمی اداروں میں طلباء کو آن لائن کھیلوں کے
نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے۔
3. کھیل کے میدانوں کو بہتر بنایا جائے اور جسمانی
کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ بچے حقیقی زندگی کے کھیلوں کی طرف مائل ہوں۔
4. حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے آن لائن کھیلوں کو محدود
کرے جو نوجوانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
5. میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیمی، تخلیقی، اور
معاشرتی سرگرمیوں کی اہمیت کے بارے میں شعور دیا جائے۔
آپ کے مؤقر جریدے کی وساطت سے میری
والدین، اساتذہ، اور حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور
نوجوان نسل کی درست رہنمائی کریں۔
آپ کی توجہ اور تعاون کے لیے شکریہ۔
والسلام
خاکسار
خیر اندیش
ا۔ب۔ج